دبئی،8 فروری (آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات کے دارلحکومت ابوظبی نے ان ملکوں اور مقامات کی فہرست اپڈیٹ کی ہے جہاں سے آنے والے مسافر بغیر قرنطینہ کے ابوظبی میں داخل ہو سکتے ہیں۔ تازہ ترین فہرست میں سے ہمسایہ ریاستوں بحرین، قطر، کویت اور سلطنت آف عمان کے نام نکال دیے گئے ہیں۔
اب جن ملکوں سے مسافر دو ہفتوں تک اپنے طور پر آئیسولیشن میں جائے بغیر ابوظبی کا سفر اختیار کر سکتے ہیں ان میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، گرین لینڈ، ہانگ گانگ ریجن [چین]، آئس لینڈ، موریش، منگولیا، نیوزی لینڈ، سعودی عرب اور سنگاپور شامل ہیں۔
اتوار بمطابق 7 فروری کو اپڈیٹ کی جانے والی ’گرین لسٹ‘‘ میں صرف بارہ ملک ایسے رہ گئے ہیں جہاں سے کسی براہ راست پرواز سے ابوظبی کے لئے سفر کرنے والوں کو بغیر قرنطینہ اختیار کئے ایمرٹ میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ یو اے ای کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ائر ویز کی مسافروں کے لیے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے ویکسی نینش کے قومی پروگرام میں شرکت کر لی ہے اور وہ مذکورہ فہرست میں شامل کسی بھی ملک سے یو اے ای آ رہے ہیں۔
پرانی فہرست سے بحرین، آئیلز آف مین، کویت، مکاؤ، نیو سیلوڈونیا، عمان، قطر، ساؤ ٹوم اور پرنسیپی، سینٹ کیٹس، نیویز، ٹیپائی اور تھائی لینڈ کے نام نکال دیے گئے ہیں۔
ادھر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اتوار کو نئی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
ابوظبی کے میڈیا دفتر نے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پابندیاں فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی۔ان کے تحت ابوظبی شہر میں اجتماعات اور تقریبات کے انعقاد کی سختی سے ممانعت کردی گئی ہے،فلم تھیٹر بند رہیں گے۔شادیوں اورخاندانی اجتماعات میں صرف دس افراد شریک ہوسکیں گے۔
میڈیا دفتر کے سرکلر کے مطابق اب کسی متوفیٰ کی تجہیز وتدفین میں زیادہ سے زیادہ بیس افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ شاپنگ مالوں میں ان کی کل گنجائش کے مقابلے میں صرف 40 فی صد افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔ ریستورانوں ، کیفے ، ہوٹلوں اور سرکاری بیچز اور پارکوں میں 60 فی صد تک افراد کو آنے کی اجازت ہوگی۔